پشاور(خبرنگار) ایف آر کوہاٹ کے ٹھیکیداروں نے گورنراوروزیراعلیٰ خیبرپختونخواسے محکمہ سی اینڈڈبلیومیں کرپشن اورملوث اہلکاروں کی گرفتاری کامطالبہ کیاہے ۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایف آرکوہاٹ کے ٹھیکیداروں رحیم اللہ آفریدی ‘محمدعثمان و دیگر ٹھیکیداروں کا کہنا تھا کہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران ہر ٹھیکے میں ہم سے پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں اور انکار کی صورت میں ہمارے ٹھیکوں کو روکتے ہیں جو ظلم وزیادتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمے کے افسران کہتے ہیں کہ ٹھیکوں میں لئے جانے والے پیسوں میں اعلیٰ افسران کا بھی حصہ ہوتاہے جو کہ کھلم کھلا کرپشن کے زمرے میں آتاہےلیکن اس کے باوجود بھی اعلیٰ حکام ان کیخلاف کارروائی کرتے ہیں حالانکہ دس دن پہلے سی اینڈ ڈبلیو کے ایس ڈی او سب انجینئر کو محکمہ اینٹی کرپشن نے کرپشن کرنے پر گرفتار کیا تھا، لیکن اثرورسوخ استعمال کرکے کچھ ہی دنوں بعد رہا ہو گئے اور اور وہی افراد آفس میں آکردوبارہ کرپشن کرنے لگ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فاٹا اور ایف آر میں کرپشن کیخلاف جب ٹھیکیدار آواز اٹھتاہے تو ان کو بلیک میل کرکے ٹھیکہ پرانی تاریخوں میں مکمل کرنے کے نوٹس جاری کرنے کی دھمکی دی جاتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ افسران کو معطل کرکے ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے جبکہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیومیں ایماندار افسروں کو تعینات کیاجائے تاکہ فاٹا سے کرپشن کا ناسور ختم ہوسکے۔