• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی اسلام آباد کی بعض سڑکیں تالاب بن گئیں

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک میں بعض مقامات پر بارش کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا ، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوئی ، جڑواں شہروں میں منگل کی صبح ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی اسلام آباد کی بعض سڑکیں تالاب بن گئی جبکہ بعض نشیبی علاقے بھی زیر آب آگئے ،نالہ لئی میں 6فٹ تک پانی کی سطح رہی ، واسا کا عملہ اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں سے مشینری کے ذریعے پانی نکالنے میں مصروف رہا، مری روڈ کمیٹی چوک انڈر پاس کے نیچے کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ، صادق آباد ، جامع مسجد روڈ ، مری روڈ ، راول روڈ جبکہ کینٹ کے بعض سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں ، جہلم روڈ کے ارد گرد کےنالوں کی بندش کے باعث پوری روڈ تالاب بنی رہی ، ایم ڈی واسا کی سربراہی میں عملہ نے مشینری کے زریعے نشیبی علاقوں اور شاہراہوں پر جمع پانی نکالا، واسا حکام نے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور فیلڈ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں ، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آبادمیں 64مری میں 50اورراولپنڈی میں 34لی میٹر بارش ہوئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی اسلام آباد ، بالائی پنجاب ، خیبرپختونخوا، کشمیر ، گلگت بلتستان ، فاٹا جنوبی پنجاب میں مزید بارش کا امکان ہے اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
تازہ ترین