راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) ملک بھر کے کنٹونمنٹس ایریاز میں جاری تعلیم اور صحت کے منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے ایگزیکٹو افسران کی ایک روزہ کانفرنس جمعرات کو چکلالہ کنٹونمنٹ دفتر کے بورڈ روم میں ہوا ،ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹس میجر جنرل نجم الحسن نے کانفرنس کی صدارت کی ، کانفرنس میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایم ایل اینڈ سی کے علاوہ ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر، ڈائریکٹر لینڈاور 25سے زائد ایگزیکٹو افسران کنٹونمنٹس بورڈز نے شرکت کی اور اپنے اپنے کینٹ ایریاز میں جاری تعلیم اور صحت کے منصوبوں کی پراگرس کے حوالے سے کانفرنس کو تفصیلات سے آگاہ کیا ، ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایم ایل اینڈ سی میجر جنرل نجم الحسن نے ایگزیکٹو افسران پر زور دیا کہ لوگ کینٹ ایریاز میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں لہٰذا شہری اور کینٹ ایریاز میں تعلیم اور صحت جیسی سہولتوں میں واضح فرق ہونا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم پر زیادہ بجٹ خرچ کیا جائے ، ہر کینٹ میں جہاں پرائمری اور ہائی سکول کا قیام ضروری ہے وہاں کالجز میں اگلے سال فروری میں کلاسز شروع ہو جائیں گی ، اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ مر ی میں سی بی کیڈٹ کالج بنایا جائے گا ، ڈائریکٹر جنرل ایم ایل اینڈ سی نے جن کینٹ ایریاز میں ایجوکیشن اور صحت کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ان کے کام کو سراہا اور باقی ایگزیکٹو افسران کو ہدایت کی ان پراجیکٹس پر کام کو تیز کیا جائے اور کوالٹی کو مزید بہتر بنایا جائے ، انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیم اور صحت کیلئے بنائی جانے والی عمارتوں کی بنیادیں اس قدر مضبوط رکھی جائیں کہ ضرورت پڑھنے پر وہاں چار سے پانچ منزلہ عمارتیں تیار کی جاسکیں۔