کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور مصر کے درمیان کھیلی جانے والی پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے روز مصری کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں میچز میں فتح حاصل کرلی۔ مصحف علی میر اسکواش کمپلکس اسلام آباد میں پاک مصر اسکواش سیریز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ تھے۔ افتتاحی دن میں تین میجز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں مصر کے زاہد محمد نے پاکستان کے وقار محبوب کو دوسرے میں میں مصر کے عمر موساد نے پاکستان کے احسن ایاز کو اور تیسرے میچ میں مصر کے مازن ہشام نے پاکستان کے فرحان زمان کو شکست دی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں تقیسم کیں۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن ملک میں اسکواش کی ترقی اور بہتری کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ بین الاقوامی اسکواش کی غیر موجودگی میں پاکستان اسکواش فیڈریشن نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی سیریز منعقد کر کے دنیا کو ایک مثبت پیغام پہنچایا ہے۔ ائیر مارشل شاہد اختر علوی، سینئر وائس پریذیڈنٹ پاکستان اسکواش فیڈریشن اور سابق ورلڈ چیمپئن قمر زمان کے علاوہ اسکواش شائقین کی بڑی تعداد نے میچز دیکھے۔