• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی اداکارہ سجل علی دپیکا اورکترینہ کیلئے خطرہ بن گئیں

Todays Print

ممبئی(ایجنسیاں) خوبصورت آنکھوں اور دلکش چہرے والی نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف کیلئے خطرہ بن گئیں۔اپنی پہلی ہی بولی وڈ فلم ’’موم‘‘ کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری پر دھاک جمانے والی پاکستانی اداکارہ سجل علی کا موازنہ بھارتی میڈیا نے بولی وڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف اور ڈمپل گرل دپیکا پاڈوکون سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ سجل بولی وڈ اداکاراؤں کیلئے مستقبل میں خطرہ بن سکتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سجل علی نے حال ہی میں ریلیز ہوئی اپنی پہلی بولی وڈ فلم ’’موم‘‘ میں اتنی شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے کہ پوری بھارتی انڈسٹری ان کی دیوانی ہوگئی ہے جبکہ ان کی خوبصورتی اور اسٹائل کی بھی بے حد تعریف کی جارہی ہے۔ فلم میں سجل علی نے مظلوم لڑکی کا کردار اس خوبصورتی سے نبھایا ہے کہ دیکھنے والوں کو حقیقت کا گمان ہوتا ہے جبکہ شائقین بھی سجل کی اداکاری کو داد دیئے بغیر نہیں رہ سکے۔ بہترین اداکاری اور معصوم حسن کے باعث بھارتی میڈیا نے سجل علی کو دپیکا اور کترینہ کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں سجل بھارتی اداکاراؤں کی جگہ لے سکتی ہیں۔

فلم ’’موم‘‘ کی کہانی نوعمر لڑکی کے ساتھ زیادتی اور اپنی بیٹی پر ہونے والے ظلم کا بدلہ لینے کیلئے ایک ماں کی کوششوں کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں سری دیوی محبت کرنے والی ماں اور سجل علی نے ان کی بیٹی کا کردار نبھایا ہے۔ گو کہ فلم کی کہانی ظلم اور بدلے جیسے روایتی موضوع کے گرد گھومتی ہے لیکن سری دیوی، سجل علی اورعدنان صدیقی کی مضبوط اور شاندار اداکاری نے لوگوں کواپنا گرویدہ کرلیا۔واضح رہے کہ سجل پاکستان شوبزانڈسٹری کا جانا پہچانا نام ہیں۔ وہ کئی کامیاب ڈراموں اورپاکستانی فلم ’’زندگی کتنی حسین ہے‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ فلم ’’مام‘‘ میں کام کے حوالے سے سجل علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ بھارت جاکر کام کریں گی، یہ ان کیلئے ایک خواب جیسا ہے۔ انہوں نے بھارت میں مزید کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ مستقبل میں اگرمزید کام کی پیشکش ہوئی تو وہ ضرور کریں گی۔

تازہ ترین