پیپلز پارٹی کے رہنما اور قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نظام ضروری ہے لیکن اس سے پہلے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو بھی محفوظ بنایا جائے۔
پاناما کیس کی سماعت کے موقع پرسپریم کورٹ آمد کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ان حالات میں ایک ہی راستہ ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دے دیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دنیا کی بڑی عدالتوں سے انصاف ہی کی توقع ہوتی ہے لیکن سب سے بڑی عدالت اللہ کی ہے اور انسانوں کے لئے بڑی عدالت سپریم کورٹ ہے۔
سپریم کورٹ آمد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن سپریم کورٹ میں موجود ہے، اس لئے اپوزیشن سے یکجہتی کے لئے یہاں آئے ہیں۔
سپریم کورٹ آمد کے موقع پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں میں ندیم افضل چن اور فیصل کریم کنڈی بھی تھے۔