• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن: دھماکے کی وجہ سے فٹبال فیڈریشن کپ کی تاریخ تبدیل

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) چمن بارڈر پر ایف سی کے قافلے پر ہونے والے خود کش حملے میں میجر اور اہلکار کے شہید ہونے پر آل پاکستان فیڈریشن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جو یکم اگست سے شروع ہونا تھا اب ملتوی کردیا گیا ہے اور اب یہ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے پانچ اکتوبر تک چمن کی عیسی خان فٹ بال اکیڈمی میں ہوگا۔ پاکستان فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان اور کے الیکٹرک کے کوچ عیسی خان نے  جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈریشن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں تھیں اور اس کا آغاز یکم اگست سے ہونا تھا لیکن پیر کو چمن کے بارڈر ایریا کے چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر ڈی سی او چمن نے امن و امان کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر فٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد کو آگے بڑھانے کی درخواست کی جسے قبول کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا انعقاد 30 ستمبر سے5 اکتوبر تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی اجازت سے ہونے والے ٹورنامنٹ میں16 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں ڈپارٹمنٹس اور اے اور بی ڈویژن کے کلبز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ دو ٹیمیں اسٹینڈ بائی میں رکھی گئی ہیں۔ لیگ کی بنیاد پر ہونے والے ٹورنامنٹ میں چار چار ٹیموں کے چار گروپ بنائے جائیں گے جن میں سے ہر گروپ سے دو ٹیمیں ناک آئوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔  

تازہ ترین