• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلمان شخص سے محبت،اسرائیلی لڑکی غیرت کے نام پر قتل

مقبوضہ بیت المقدس (جنگ نیوز) اسرائیل میں جنونی باپ نے مسلمان شخص سےمحبت  پر اپنی نوعمر بیٹی کو مبینہ طور پر ʼغیرت کے نام پر قتل کردیا، ملزم پرفرد جرم عائد کردی گئی۔اسرائیلی ویب سائٹ Haaretz کی ایک رپورٹ کے مطابق رملہ سے تعلق رکھنے والے سمی کارا کو اپنی 17 سالہ بیٹی ہینرییٹ کے ایک مسلمان شخص کے ساتھ تعلق پر اعتراض تھا۔

رپورٹ کے مطابق ہینرییٹ نے اپنے مسلمان دوست کی وجہ سے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ہینرییٹ نے اپنے ایک رشتہ دار کو اپنے اسلام قبول کرنے کے ارادے کے بارے میں بتایا، جنہوں نے ان کے والد کو فون کرکے سب بتادیا، جس کے بعد ہینرییٹ کے والد نے ان کے قتل کا فیصلہ کیا۔ہینرییٹ کی والدہ الیہام نے پولیس کو بتایا کہ ان کے شوہر اپنی بیٹی کے رویئے سے پریشان تھے اور اسے ʼخاندان کی عزت کے خلاف سمجھتے تھے۔رپورٹ کے مطابق ہینرییٹ کے خاندان نے مذکورہ مسلمان شخص سے ان کا تعلق ختم کرنے کی کوشش کی جبکہ ان پر تشدد بھی کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے گھر چھوڑ دیا، تاہم دو ہفتے بعد یعنی 13 جون کو ہینرییٹ کو قتل کردیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ گھر چھوڑنے کے بعد ہینرییٹ نے کئی جگہوں پر پناہ لینے کی کوشش کی، انہوں نے اپنے ایک دوست کی والدہ کے گھر بھی قیام کیا لیکن گھر والوں کی دھمکیوں کی وجہ سے وہ وہاں سے بھی جانے پر مجبور ہوگئیں۔رپورٹ کے مطابق قتل سے ایک ہفتہ قبل ہینرییٹ نے اپنی والدہ کے خلاف مقدمہ درج کروایا، جبکہ اس سے قبل ایک مرتبہ والد کی جانب سے تشدد اور دھمکیاں دیئے جانے پر بھی انہوں نے پولیس کو بلوایا تھا۔ہینرییٹ کی لاش اپنے والدین کے گھر میں کچن میں پائی گئی تھی، ان کی گردن پر چاقو کے نشانات تھے۔

تازہ ترین