راولپنڈی، کلرسیداں(سٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) بھائی اور بھابھی کے قاتل کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں پھانسی دے دی گئی ۔ کلرسیداں کے رہائشی محمد ازرم کو منگل کی صبح سنیٹرل جیل اڈیالہ میں تختہ دارپرلٹکایاگیا جس نے31مئی 1998میں تھانہ کلرسیداں کے علاقہ چھ ممدوٹ میں اراضی کے جھگڑے میں اپنے حقیقی بھائی محمدجاویداوربھابھی رخسانہ کوثرکوفائرنگ کرکے قتل کردیاتھا۔کلر سیداں سے نمائندہ نمائندہ جنگ کے مطابق اڈیالہ جیل میں پھانسی پانے والے کلر سیداں کے نواحی علاقہ جوچھہ ممدوٹ کے رہائشی راجہ محمد ازرم کی تدفین آبائی گاؤں کی بجائے راولپنڈی میں کی گئی۔کسی ممکنہ کشیدگی سے بچنے کیلئے محمد ازرم کی میت کو اس کے برادر نسبتی کی خواہش پر راولپنڈی میں ہی سپرد خاک کیا گیا ۔یاد رہے کہ راجہ محمد ازرم ریٹائرڈ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ٹکاخان کا بھتیجا تھا اور اس نے گھریلو تنازع پر اپنے بھائی حاجی محمد جاوید اور بھاوج کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔مقامی سطح پر فریقین کے مابین صلح کروانے کیلئے کئی بار جرگے بھی بٹھائے گئے جو بے سود ثابت ہوئے اور مقتولین کے بیٹوں نے اپنے باپ اور ماں کا خون معاف کرنے سے انکار کر دیا تھا۔