سکھر (بیورو رپورٹ) نارتھ سندھ اربن سروسز کارپوریشن (نساسک) کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف محمد بن قاسم پارک سے سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ و بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے تحریریں درج تھیں۔ مظاہرے میں شامل ظہیر احمد، قمر شاہ و دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ 6 ماہ کی تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ہم لوگ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں اور گھروں میں فاقہ کشی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں، ہماری بالا حکام سے اپیل ہے کہ نوٹس لیکر 6 ماہ کی رکی ہوئی تنخواہیں جاری کی جائیں بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرینگے۔