اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد اگر الیکشن ہوتا ہے تو ہم ریفارمز کے بغیر الیکشن کی مخالفت کریں گے، پہلے ریفارمز ہوں پھر الیکشن کرائے جائیں اور ان ریفارمز میں تمام جماعتوں کی رضامندی بھی شامل ہو۔ اپنی رہائش گاہ پر بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، شافع حسین، حسین الٰہی، عبداللہ یوسف وڑائچ اور سعادت نواز اجنالہ بھی موجود تھے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کچھ تجاویز دی ہیں لیکن اصل بات یہ ہے کہ جو الیکشن کمیشن کی موجودہ تشکیل ہے اس میں اکثریت فیصلہ کرے گی اور چیف الیکشن کمشنر کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی اگر کمیشن کے ارکان کی اکثریت ہارے ہوئے امیدوار کے حق میں فیصلہ دے گی تو جیتا ہوا امیدوار ہار جائے گا اور اصل مسئلہ پھر وہیں سے شروع ہو گا کہ الیکشن کے رزلٹ کو کوئی نہیں مانے گا۔