راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی طرف سے مری روڈ پر موتی پلازہ کو خطرناک قرار دیتے ہوئے فوری طور پر عمارت خالی کرنے کی ہدایت کے باوجود عمارت میں سرگرمیاں جاری ہیں۔ عقب میں واقع ریالٹو تھیٹر کے راستے کی بندش کے بعد وہاں پر کمرشل سرگرمیاں بند ہوچکی ہیں۔ بلڈنگ انسپکٹر راولپنڈی اظہر نذیر کی جانب سے موتی پلازہ کے 400دکان داروں، آفس ہولڈرز اور رہائشیوں کو تحریری نوٹس میں متنبہ کیا گیا تھا کہ مین مری روڈ پر نالہ لئی کے کنارے ریٹرننگ وال (بائونڈری) کے ساتھ سے مٹی اور ملبہ ہٹانے سے بائونڈری وال منہدم ہو گئی ہے اور پلازہ سے متصل سڑک مکمل طور پر بیٹھ گئی ہے۔ حالیہ مون سون کے دوران بارش کا پانی پلازہ کی دیواروں اور بنیادوں تک جانے کا خدشہ ہے‘ اس صورتحال میں اس پلازہ میں کاروبار کرنا یا رہائش اختیار کرنا خطرہ سے خالی نہیں‘ کیونکہ بلڈنگ منہدم ہونے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ پلازہ مکینوں اور کرایہ داروں کا موقف ہے کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے معاملے کو حل کرنے کی بجائے آر ڈی اے کو ریٹرننگ وال کا ڈیزائن فراہم کرنے کا کہہ کر معاملے کو مزید التواء کا شکار کر دیاہے۔ حالانکہ آر ڈی اے کی کارکردگی میٹرو منصوبہ میں سب کے سامنے آ چکی ہے۔