اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نےاتوارکی پریس کانفرنس پیرتک ملتوی کردی ہے جسکے دوران امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ اپنی وزارت سے مستعفی ہوجائیں گے۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق پریس کانفرنس ملتوی ہونے کی وجہ محض ناساز طبیعت ہے، التوا کے کوئی اور معنی نہ پہنائیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ پریس کانفرنس کے التوا پر قیاس آرائی سے گریز کرے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی چوہدری نثار کو منانے کے لئے گئی تھی لیکن وہ ناکام لوٹی جبکہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ان کا موقف اصولی ہے اور وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ چوہدری نثار کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم نواز شریف سے طویل رفاقت ختم کرنے اور وزارت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار کو منانے کی تمام ہی کوششیں بے نتیجہ رہیں ، میاں شہبازشریف بھی ناراضی دور نہ کرسکے۔