لاہور ( نمائندہ خصوصی، نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف اور انکے درباریوں کے دن گنے جاچکے ہیں اپنے بورئے بستر گول کردیں قوم انکو مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں،ہمارے حکمرانوں نے عوامی فلاح و بہبود پر توجہ دینے کی بجائے اپنے خاندانوں کی فلاح و بہبود پر توجہ دی اور قومی خزانے کو لوٹ کر بیرونی ممالک میں پراپرٹیاں، محلات اور آف شور کمپنیاں بنائیں، سرسبزوشاداب جنگلات کی حفاظت کرناہرشہری کااولین فرض ہے، جماعت اسلامی کے وزراء اور ارکین اسمبلی کی شب و روز محنت اور کوششیں رنگ لاچکی ہیں، پوری دنیا کو اس خوبصورت ترین اورپرامن سیاحتی مرکزکمراٹ آنے کی دعوت دیتے ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے کمراٹ پکنک دورے کے موقع پر کمراٹ پارک میں سیروتفریح کیلئے آئے سیاحوں اور مقامی عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع انکے ہمراہ سینئرصوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان،صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید،ممبرقومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ، ضلعی ناظم دیربالاصاحبزادہ فصیح اللہ، ضلعی امیرحنیف اللہ ایدوکیٹ بھی موجود تھے، اس موقع پر صوبائی وزراء نے امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق کو کمراٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اورآئندہ کے میگاپراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ صوبائی وزیرخزانہ نے کمراٹ پارک کیلئے دس کروڑ روپے کا اعلان کیا، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قدرت نے پاکستان اور باالخصوص خیبر پختونخواکو ایسے سرسبز وشاداب پہاڑی خطے دئے ہیں جن کے سامنے سوئٹزرلینڈ جیسے ملکوں کی کوئی حیثیت نہیں، حالیہ دنوں ملک بھر سے لاکھوں سیاح کمراٹ آئے اور انہوں نے قدرتی نظاروں کالطف اٹھایا،ہم یہاں آنے والے سیاحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں،انہوں نے مقامی آبادی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملک بھر سے آنے والے مہمانوں کی ایسی مہمان نوازی کی کہ یہاں آنے والے مہمانوں نے ہمارا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزراء اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مقامی حکومتوں (ضلعی ناظمین)نے ایک دیرپااور میگا پراجیکٹ منصوبے شروع کرنے کے حوالے سے قومی مفاد میں ایسا منصوبہ عمل بنایاہے جس کے نتیجے میں انشاء اللہ بہت جلد کمراٹ دنیا بھر کا مشہور ترین پرامن سیاحتی مرکز ہوگا۔