اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں بعض ایسےلوگ شامل ہوگئے جن کا نام پہلی بار سنا، پاکستان میں ارباب اختیار ہی شفاف حکمرانی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ تمام ادارے بااثر افراد کے جرائم پر پردہ ڈالنے پر لگے رہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے کیا جانے والا کام اس امر کا ثبوت ہے کہ ہمارے ہاں ادارے اور لوگ موجود ہیں اور کام کرنے کی استعداد بھی رکھتے ہیں مگر اوپر بیٹھے لوگ نہیں چاہتے کہ وہ اپنا کام کریں ، الیکشن میں پی ٹی آئی سمیت کسی بھی جماعت کے کرپٹ امیدواروں کو ووٹ مت دیں ۔
ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام ’ محاسبہ اور شفافیت معلومات تک رسائی کے نظام کے ذریعے‘ کے موضوع پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ محاسبہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک شفافیت کو یقینی نہ بنالیا جائے ۔ اسد عمر نے کہا کہ بعض ایسے افراد بھی پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں جن کا نام میں نے بھی پہلی بار سنا ، ہمیں اشخاص پر نہیں اداروں پر انحصار کرنا ہوگا۔ مالیاتی امور کے ماہر عبدالجلیل نے اس موقع پر کہا کہ مالیاتی بدعنوانی کی تحقیقات کیلئے ہمارے قوانین بہت کمزور ہیں جبکہ عدلیہ میں ان امور کی نظیر بھی کم ہی ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اور ایف آئی اےجیسے اداروں کے پاس مالیاتی بے قاعدگیوں کی چھان بین کرنے کی استعداد موجود نہیں۔قبل ا زیں ایس ڈی پی آئی کے شکیل احمد رامے نے کہا کہ معلومات کا حصول محاسبے اور شفافیت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔