سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ طے کرے گا کہ پاکستان پر کرپٹ سسیلین مافیا نے یا 20کروڑ عوام نے راج کرنا ہے۔
اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں ق لیگ کے صدر نے کہا کہ شریف خاندان نے نااہلیت سے بچنے کیلئے تجوریاں کھول دیں لیکن انہیں جے آئی ٹی کی طرح اب بھی دولت نہیں بچا سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نااہلیت سے بچنے کیلئے مختلف سروسز کے ریٹائرڈ افسروں اور دانشوروں کو ٹاسک دے دیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے شریف خاندان نے تجوریوں کے منہ کھول دئیے ہیں لیکن شریف خاندان کی دولت کو جے آئی ٹی کے بہادر سپوتوں نے جس طرح ٹھکرا دیا انشاء اللہ آئندہ بھی ان کی دولت ان کو نہیں بچا سکے گی۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں کیونکہ پاکستان کے مستقبل کا دارومدار ملک کی سب سے بڑی عدالت کے فیصلہ پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی حب الوطنی کا یہ عالم ہے کہ جوں جوں پانامہ کیس کا فیصلہ قریب آتا جا رہا ہے ہر روز ایک وزیر کا اقامہ سامنے آ رہا ہے، ایسے حکمرانوں سے قوم اور ملک کو آئندہ بھی کیا مل سکتا ہے اس کا بخوبی اندازہ ان کے ماضی کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔