اسلام آباد (این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اب تک عدالت میں جو کچھ ہوا ہے اْس سے تو یہ واضح ہے کہ وزیراعظم اب نااہلی سے نہیں بچ سکتے، اگر سپریم کورٹ نے نیب کو شریف خاندان کیخلاف ریفرنس کھولنے کا حکم دیا تو وزیر اعظم بڑی مصیبت میں پھنس جائیں گے۔ موجودہ حالا ت میں نواز شریف کیخلاف نیب ریفرنس کھلتا دیکھ رہا ہوں اور اگر ایسا ہوا تو شہباز شریف کیلئے بھی انتہائی بھاری ثابت ہوگا۔ امید ہے کہ سپریم کورٹ آئندہ ہفتے تک پانا ما لیکس پر فیصلہ سنا دے گی ۔ آخری سماعت میں عدالت سے درخواست کرچکا ہوں کہ وہ جلد از جلد فیصلہ سنائے کیونکہ حکومت میں شامل یہ لوگ ماضی میں بھی ججز کو خریدنے کی کوششیں کرتے رہے ہیں، لہٰذا جتنی جلدی فیصلہ آئے گا اتنا ہی ملک اور قوم کیلئے بہتر ہوگا۔ہمیں عدالت پر پورا یقین ہے اور ہم جانتے ہیں کہ فیصلہ اگر ہمارے خلاف بھی ہوا تو وہ قانون اور آئین کے مطابق ہوگا، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ اگلا وزیراعظم چوہدری نثار کو نامزد کیا جائیگا ۔نواز شریف اس بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔ میری اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کی نااہلی کی صورت میں ایاز صادق، سعد رفیق اور شاہد خاقان عباسی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔