اسلام آباد (آئی این پی، صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اگر کوکین استعمال نہیں کرتے تو میڈیکل ٹیسٹ کرائیں،شیخ رشید سے پوچھا جائے کہ پانچ ججز کو اربوں روپے کی آفر کس نے کی، جبکہ دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عمران خان اشتہاری ہیں مگر گرفتار نہیں کیا جارہا جبکہ ظفر حجازی پر الزام لگا تو گرفتار کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ نمبر دو ہونے کی تمام خصوصیات عمران خان میں موجود ہیں، لیڈری کا دعویٰ کرنے کے بعد عمران خان نتھیا گلی بھاگ جاتے ہیں، منشیات کا عادی قوم کا رہنما کیسے ہوسکتا ہے، عمران خان لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا بند کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب میرے خاندان میں کوئی جوا نہیں کھیلتا، حنیف عباسی کسی عدالت کا اشتہاری نہیں، حنیف عباسی نے کبھی عدلیہ اور ادارون کی تضحیک نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تربیت پہلی جماعت سے ہوئی اﷲ کے سوا کسی کا ڈر نہیں۔ عمران خان نے جوا کھیلنا تسلیم کیا،وزیراعلیٰ کے ہرجانے کے دعوے پر عمران خان بے بس ہوگئے ہیں۔ عمران خان کا جھوٹ پکڑا گیا اب عدالتوں میں آکر سامنا کریں، عمران خان لوگوں کی پگڑیاں اچھالنا بند کریں۔ انہوں نے کہااگر عمران خان نے جوا نہ کھیلا ہوگا تو میں سلیوٹ کروں گا۔