لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ پاکستان کے مستقبل کی سیاست کا رخ متعین کرے گا اور آئندہ نسلوں کے لیے بھی زندگی کا ایک پیغام ہو گا۔سیاست لینڈ مافیا ، شوگر مافیا اور ڈرگ مافیا کے ہتھے چڑھ گئی ہے اور ان مافیائوں نے سیاسی جماعتوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔ جب تک سانپوں کی ماں کو نہیں مارا جاتا اژدھے پیدا ہوتے اور عوام کو ڈستے رہیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں امیر ضلع شیخوپورہ سرفرازاحمد خان اور ضلع باغ آزاد کشمیر کے امیر نثار احمد شاہق سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ جرائم کی دنیا کے بے تاج بادشاہوں نے سیاست کو اکھاڑہ اور سیاسی جماعتوں کو پناہ گاہیں بنا رکھاہے ۔ بگڑے ہوئے رئیس زادے اور ظالم و جابر وڈیرے اور جاگیردار سیاست کے وارث سمجھے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس طبقہ اشرافیہ کے خاندان بیرون ملک جبکہ یہ خود عوام پر حکمرانی کے لیے پاکستان میں رہتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر ٹرمپ اور مودی کے کسی حکم نامے سے ختم نہیں ہوسکتی ۔ کشمیریوں کی جدوجہد اقوام متحد ہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے اسے دہشتگردی کا نام نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ ایسا میکنزم بنائے کہ سارے سیاستدان احتساب سے گزریں ،حکمرانوں کو صادق و امین ہوناچاہیے ۔