امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے قانون سازی ہونی چاہیے۔
لاہور میں عزم احتساب ریلی سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی 1996ء سے کرپشن کے خلاف تحریک شروع کئے ہوئے ہے،حکومت نے اپوزیشن کے ٹی او آر ز تسلیم نہ کرکے ہمیں پاناما معاملے پر سپریم کورٹ جانے پر مجبور کیا ۔
ان کا کہنا تھاکہ وہ پانامامیں شامل 436 لوگوں کی فہرست لے کر سپریم کورٹ گئے تھے ،پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہم نے یہ منظر دیکھا کہ عدالت نے مسلسل سماعت کرکے وزیراعظم کو نااہل قراردیدیا ۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آج ہماری عدالتیں اس قابل ہوگئیں ہیں کہ وزیراعظم کے خلاف فیصلہ دے دیا، جتنے لوگوں کے نام بھی پاناما اسکینڈل میں ہیں ان کا احتساب چاہتےہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے غریب کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے، غریب کے بچے محنت کے باوجود رات کو بھوکے سوتے ہیں ، آپ کے بچے نابالغ ہونے کے باوجود اربوں پتی بن گئے۔