نوازشریف کی نااہلی پر تحریک انصاف کے اسلام آباد کے پریڈ گرائونڈ پر یوم تشکر جلسے سے پرویز خٹک شیخ رشید ،اسد عمر سمیت اہم رہنمائوں نے خطاب کیا ہے۔
پی ٹی آئی جلسے خطاب میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ن لیگ کو عدالت میں شکست ہوچکی ،اب عوامی عدالتوں میں شکست سے دوچار کریں گے ،عام انتخابات میں ان کے ڈبوں سے زیرو نکلیں گے۔
ان کا کہناتھاکہ لاہور شہبازشریف سے مقابلے کے لئے تیار ہوجائو،ہم کے پی میں کپٹن(ر) صفد ر کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست پر کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام ڈاکوئوں سے آزاد ہوچکے ہیں،عمران خان نے ہمیں ہمیشہ امتحان میں ڈالا ،ہم سرخرو ہوئے ،سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں۔
شیخ رشید کا کہناتھاکہ فضل الرحمٰن نے ہمیشہ اسلام پر اسلام آباد کو ترجیح دی ،سیف الرحمٰن قطری گاڑی میں بیٹھ کر آیا اور کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم بنانے کا کہا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو انگریزی اخبارات کے ناموں کی اسپیلنگ تک نہیں آتی ،اگر وہ سنادیں تو میں تنقید بند کردوں گا ، نوازشریف کہتا تھاکہ میرے جانے پر ہمالیہ روئے گا ،لیکن اس دوران مچھر مرا نہ مکھی ،اسحاق ڈار ، نوازشریف جیل جائیں گے۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف کو صدر نے نکلا ،پھر آرمی چیف نے نکالا لیکن انہیں تسلی نہیں اب سپریم کورٹ نے انہیں اقتدار سے باہر کردیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ نوازشریف نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کئے،اس شخص نے پاکستان کو قرض کی دلدل میں دھنسادیا ،ملک کے اخراجات زیادہ ہیں اور آمدنی کم ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی بیٹی خود کہتی تھی کہ لوگ بے وقوف نہیں اور یہ سچ ہے ،لوگ جان چکے ہیں کہ میاں صاحب نے قوم کے ساتھ کیا ہے،سپریم کور ٹ نے ان کی چوری نہیں ڈاکا پکڑلیا ہے۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف اور وزراء نے اقامہ اس لئے لیا کہ وہ قومی خزانے کی چوری کرتے رہیں۔
جلسے عام میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین نے ابھی خطاب کرنا ہے ۔جلسہ گاہ میں 30ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق چیرمین عمران خان جلسے میں آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کریں گے جب کہ جلسے میں ملک بھر کے نامور گلوکاروں کو مدعو کیا گیا ہے اور اس موقع پر بڑی اسکرینوں پر عمران خان کی جدوجہد سے متعلق ڈاکومینٹری بھی دکھائی جائے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق جلسہ گاہ میں داخلےکے لیے 3 راستے بنائے گئے ہیں اور جلسے میں شرکت کرنے والی خواتین کے لئے الگ راستہ بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں بوتلیں اور بیگز لانےکی اجازت نہیں ہوگی اور خواتین انکلوژر پر خواتین پولیس اہلکاروں کے ساتھ اے ٹی ایس جوان تعینات کی جائیں گے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ گاہ سے 300 گز دوری پر گاڑیوں کے لیے پارکنگ بنائی گئی ہے، جلسے کے لیے آنے والی گاڑیوں کی بھی خصوصی چیکنگ کی جائے گی اور پی ٹی آئی کے رضاکار بھی اسلام آباد پولیس کے ساتھ موجود ہوں گے۔