• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم کے ہاتھوں پانامہ کا باکسر چت، عالمی پہلی پوزیشن برقرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد وسیم نے پانامہ کے باکسر ایوان ٹریوس کو شکست دیکر ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔ پانامہ میں ہونے والی فائٹ میں محمد وسیم نے ٹیروس کو تیسرے ہی رائونڈ میں زمین بوس کردیا۔ پانامہ سٹی کے باکسنگ جم میں ہونے والی سلور ویٹ کیٹگری میں محمد وسیم کو اپنی نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے وسطی امریکی ریاست پاناما کے باکسر ایوان ٹریوس کی جانب سے کئے جانے والے چیلنج سامنا تھا۔ محمد وسیم نے فائٹ کا آغاز انتہائی تیزی سے کیا اور مخالف پر تابڑ توڑ حملے کرکے اسے چکرا کے رکھ دیا اور پہلے رائونڈ اور دوسرے رائونڈ کے خاتمے کے بعد ہی وسیم کی کامیابی کے امکانات پیدا ہوگئے اور تیسرے رائونڈ میں ایک زور دار پنچ نے ایوان ٹریوس کو زمین بوس کردیا ۔

بعدازاں اپنے ایک پیغام میں محمد وسیم نے اپنی کامیابی پر اللہ کا شکرادا کیا اور دعائیں کرنے والے دوستوں، شائقین اور دیگر لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پروفیشنل باکسنگ میں محمد وسیم کی یہ مسلسل ساتویں کامیابی ہے۔ محمد وسیم کا اگلا ہدف ڈبلیو بی سی گولڈ ٹائٹل کا حصول ہے ۔

وہ کہتے ہیں کہ سلور ٹائٹل کے بعد گولڈ ٹائٹل جیتنا خواب ہے اس کیلئے فائٹ رواں سال کے آخر تک جاپان کے باکسر ڈیاگو اومیگا سے متوقع ہے۔ محمد وسیم کی شاندار کارکردگی پر ان کے استاد عطا محمد کاکڑ نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ محمد وسیم کی کارکردگی پر پورے پاکستان کو فخر ہے۔ وسیم نے پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں باکسنگ میں ایک انہونا باب رقم کردیا ہے۔

تازہ ترین