• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی سرپرستی نہ مل سکی، پاکستان میں فٹ بال انفرااسٹرکچر تباہ، عالمی رینکنگ میں مسلسل تنزلی

ملتان (نمائندہ جنگ) فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے لیکن پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ کے باوجود اِس کھیل کو وہ مقبولیت نہیں مل پائی جس کا حقدار فٹبال کھیل ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا قیام 5 دسمبر 1947ء کو عمل میں لایا گیا اور قائدِاعظم محمد علی جناح اِس کے چیف پیٹرن بنے۔ 70ء کی دہائی تک پاکستان نے فٹبال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن سقوطِ ڈھاکہ کے بعد پاکستان میں فٹبال کا انفراسٹرکچر بالکل تباہ ہوگیا ۔

وہ ملک جو عالمی رینکنگ میں تیزی سے ترقی کرتا ہوا 142ویں پوزیشن تک پہنچا تھا، اب 194 ویں پوزیشن پر جا ٹھہراہے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ پاکستانی فٹبالر سے کوئی بھی بین الاقوامی کلب معاہدہ کرتے وقت یہ ضرور پوچھتا ہے کہ اس نے آخری بار اپنے ملک کی جانب سے انٹرنیشنل میچ کب کھیلا ؟آج صورت حال یہ ہے کہ پاکستان بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت نہیں کر رہا اور پاکستانی کھلاڑی ملک سے باہر کھیلنے کے مواقع سے محروم ہیں۔

کئی ایسے کھلاڑی ہیں جو ملک سے باہر پروفیشنل لیگ کھیل سکتے ہیں لیکن انھیں مواقع فراہم نہیں کئے جاتے۔ ملک میں قومی اور ضلعی سطح پر ہونے والے فٹبال ایونٹس نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو جانچنا مشکل ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ضلعی ،ڈویژنل ،صوبائی اور قومی سطح پر فٹبال لیگ ایونٹس کرانے کےساتھ ساتھ ضلعی سطح پر فٹبال اکیڈمیوں کا آغاز کرنا ضروری ہے۔ 

تازہ ترین