• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شندور پولو فیسٹیول شروع،ابتدائی میچ میں چترال کی ٹیم کامیاب

پشاور(نمائندہ جنگ) وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سیاحت عبدالمنعم خان نے کہا کہ شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد سے چترال اور گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ ملنے سمیت ثقافتی اسٹالز لگانے سے ہماری ثقافت کی دنیا بھر میں رونمائی ہوگی، پولو فیسٹیول کا مقصد دونوں صوبوں کے عوام کو قریب لانا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے تعاون اور پاک فوج ، ضلعی حکومت کے توسط سے منعقدہ تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی ،سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا محمد طارق، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان، جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیز سجاد حمید، جنرل منیجر ٹی آئی سیز محمد علی سید، ڈائریکٹر کلچر اجمل خان، ڈپٹی کمشنر چترال ،ضلعی انتظامیہ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ تین روزہ فیسٹیول میں کلچرل نائٹ سمیت علاقائی ہنرمندوں اورعلاقائی ثقافت کے فروغ کیلئے مختلف پروگرام بھی تشکیل دیئے گئے ہیں ، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام شندور فیسٹیول میں مستوج ،چترال ، گلگت ،لاسپور، غزرکی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، فیسٹیول میں گلگت بلتستان اور چترال کے بچوں پر مشتمل ایک ٹیم قومی ترانے سمیت ملی نغمے پیش کریگی جبکہ سیاحوں کیلئے بہترین ٹینٹ ویلیج کا قیام عمل میں لایاگیا ہے ،فیسٹیول کے افتتاحی میچ میں چترال کی ٹیم نے گلگت بلتستان کی پولو ٹیم کو صفر کے مقابلے میں 8گول سے شکست دی، تین روزہ پولو فیسٹیول کی اختتامی تقریب 31 جولائی کومنعقد ہوگی۔

تازہ ترین