• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید کو نامزد کرنے پر اپوزیشن تقسیم، وزارت عظمیٰ کا متفقہ امیدوار لانے کیلئے آج ا جلاس طلب

اسلام آباد،لاہور،پشاور (این این آئی)سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد شیخ رشید کو نئے وزیراعظم کیلئے امیدوار نامزد کرنے پر اپوزیشن تقسیم ہوگئی۔وزارت عظمیٰ کا متفقہ امیدوا ر لانے کیلئے اپوزیشن رہنمائوں نے آج اجلاس طلب کر لیا۔جبکہ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے شیخ رشید کووزارت عظمیٰ کا امیدوار بنانے کے معاملے پراعتماد میں نہیں لیا، مشترکہ اپوزیشن کے اجلاس سے پہلے وزیراعظم کے امیدوارکا اعلان زیادتی ہوگی دوسری طرف ملک کی موجودہ صورتحال میں وزیراعظم کیلئے اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار کی نامزدگی کیلئے پاکستان مسلم لیگ کی قیادت نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔

علاوہ ازیں شیخ رشید کے امیدوار بننے پر عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پار ٹی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے ،قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیر پائو نے کہا ہے کہ عمران خود کو تنہا کر رہے ہیں، لگتا ہے پی ٹی آئی شہید ہونا چاہتی ہے۔خورشید شاہ اور شاہد خاقان عباسی نے رابطہ کیا ہے جن سے نئے وزیراعظم کے امیدوار کے حوالے سے ملاقات کروں گا۔جبکہ اے این پی کے رہنما غلام احمد بلور کا کہنا ہے کہ شیخ رشید مشترکہ اپوزیشن کے امیدوار نہیں اور حتمی فیصلہ (آج) پیر کو اجلاس میں کیا جائے گا۔

اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار لانے کے لئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے پارلیمانی پارٹیوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں، اور اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس پیر کی صبح طلب کیا گیاہے۔مزید براں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور اس امر پر اتفاق رائے کیا گیا کہ ن لیگی امیدوار کے مقابلہ میں وزارتِ عظمیٰ کیلئے اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار کی نامزدگی ضروری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ کے قائدین کا کہنا ہے کہ ملک کی موجودہ داخلی و خارجی صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کی صفوں میں اتفاق و اتحاد کی فضا ضروری ہے تاکہ ملک کے اندر اور باہر یہ پیغام پہنچے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اور عوام پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ایک پیج پر ہیں۔

تازہ ترین