دبئی ،اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسی ) سابق صدر پرویز مشرف نے نواز شریف کی نا اہلی پر ایک بار پھر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے میری واپسی کی راہ ہموار کر دی ہے ،ہمارا مقصد مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کا راستہ روکنا ہے اس کیلئے تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت سے اتحاد ہو سکتا ہے ،نواز شریف کی نا اہلی سے عمران خا ن کو فائدہ،ن لیگ کو نقصان ہوا،امریکہ کے 35کروڑ ڈالر نہ ملنے سے پاکستان مر نہیں جائے گا۔
ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو میں پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا نواز شریف کو ہٹانے کا فیصلہ شاندار اور پاکستانیوں کیلئے خوش آئند ہے ۔ نواز شریف کو نااہل قرار دینا عدالتی بغاوت نہیں، عدالت نے یہ فیصلہ گہری سوچ بچار کے بعد دیا ، وہ اسی کے حق دار تھے ۔دریں اثنا آل پاکستان مسلم لیگ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے پارٹی سربراہ پرویز مشرف کو پاکستان آنے کا مشورہ دیا ہے۔
اے پی ایم ایل کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد کی زیرصدارت گزشتہ روز فیصل آباد میں منعقد ہوا جس میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے متفقہ طور پر پارٹی سربراہ پرویز مشرف کو پاکستان آنے کا مشورہ دیا اور کہا ہے کہ وہ پاکستان آ کر پارٹی کو لیڈ کریں ، ملک میں پیدا ہونے والا سیاسی خلا صرف پرویز مشرف ہی پر کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ پارٹی قائد پرویز مشرف کو سی ای سی کے اراکین کی رائے سے آگاہ کریں گے تاہم حتمی فیصلہ پرویز مشرف خود کریں گے۔