• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے بتایا تھاجج پارلیمنٹ توڑ دینگے: جاوید ہاشمی

Imran Said Judges Will Break Parliament Javaid Hashmi

سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے بتایا تھا کہ تصدق جیلانی کےجانےکےبعد جوجج آرہےہیں وہ پارلیمنٹ توڑدیں گے۔

جاوید ہاشمی نے ملتان میں پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ آج قوم کے سامنے حلفی بیان دے رہا ہوں،آج تک کبھی عہدےاوراقتدارکی دعانہیں مانگی،انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے مطابق جج خود پارلیمنٹ تحلیل کردیں گے، نوازشریف مستعفی ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جب عمران سے کہا کہ یہ بات آئین سے بالاترہے تو انہوں نے جواب دیا کہ ٹیکنوکریٹس کی حکومت بن جائے گی، ستمبر کے آخر میں انتخابات ہوجائیں گے، نئے انتخابات میں ان کی حکومت بنے گی کیوں کہ کوئی مقابلے کی جرأت نہیں کرے گا۔

جاوید ہاشمی نےمزید کہا کہ عمران خان حلف اٹھا کر میری باتوں کی تردید کریں، ان جیسا غیرذمےدار لیڈر نہیں دیکھا، وہ انتہائی غیرذمے دارانہ سیاست کر رہے ہیں، انہیں ملک کی کوئی پروا نہیں ۔

سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرے پاس باپ دادا کی زمینیں ہیں،عمران کے پاس کوئی ذریعہ آمدنی نہیں ہے، کسی رکن قومی اسمبلی نےملتان میں یونیورسٹی کی بات تک نہیں کی، ظہورالٰہی جب شہید ہوئے تھے تو ان کی میت کے پاس میں تھا اور کوئی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عارف علوی، شیریں مزاری، شفقت محمود نے مجھے آ کر کہا کہ ہم خان سے مل کر آئے ہیں، وہ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

جاوید ہاشمی کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان نےاجلاس میں کہاکہ ’’وہ‘‘ کہتے ہیں کہ وہی کرو، میں اس اجلاس سے ناراض ہو کر چلا گیا، عمران خان بار بار عدلیہ اور ججوں کانام لیتے رہے ہیں، عمران خان نے کہا کہ جسٹس کھوسہ نے کہا کہ مقدمہ میرے پاس لے کر آؤ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اظہار تشکر کے پہلے موقع پر تحریک انصاف نے بھگوڑے اور غنڈے کی تصویر پیش کی، میرے لیے وہ آدمی قابل احترام نہیں جو آئین کو پاؤں تلے روندتا ہے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ مجھےاس وقت پیشکش تھی کہ آپ قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ نہیں دیں، مجھے کہا گیا تھا کہ آپ فارورڈ بلاک بنائیں، خواجہ سعدرفیق اورحفیظ اللہ نیازی میری باتوں کے گواہ ہیں، انہوں نےمجھےبتایاکہ جج صاحبان چھٹیاں کینسل کرد یں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی دیکھےنہ دیکھے اسمبلی میں اسپیکر کی کرسی کو سلام کرتا ہوں، پاکستان کے ایک فوجی کے بوٹ پر سب کچھ قربان کردوں گا لیکن ہر کوئی اپنی اپنی جگہ پرکام کرے، کیری پیکرنےتمام ملکوں سے پیسے لے کھلاڑیوں کو خریدا لیکن عمران نے پوری ٹیم بیچ دی۔

جاویدہاشمی کہتے ہیں کہ سیاست عبادت ہے، اس میں بچے اور عہدےنہیں مانگے جاتے، رانا تنویر سے کہا کہ نوازشریف کو سمجھائیں کہ تعلقات ٹھیک رکھیں، عابد شیر علی، سرتاج عزیز، اکرم شیخ، شریف مہدی، سعد رفیق اور جو بھی ملتا تھا اسے کہا نوازشریف کو سمجھائیں۔

تازہ ترین