اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے انکشاف کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزیراعظم کے نامزد امیدوار شاہد خاقان اور پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوید قمر 6سال تک ایک کمرے میں اکٹھے رہے ہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں سپیکر چیمبر میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت خورشید شاہ نے یہ انکشاف کیا کہ نوید قمر اور شاہد خاقان عباسی آپس میں 6سال تک روم میٹ رہے ہیں اور نوید قمر کیلئے شاہد خاقان عباسی کھانا بنایا کرتے تھے ۔ نوید قمر کے بقول شاہد خاقان عباسی اچھا کھانا بناتے تھے ،دونوں میں بہت سی چیزیں مشترک ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پیٹرولیم کے وزیررہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے نامزد وزیراعظم نوید قمر بھی وزیرپیٹرولیم رہ چکے ہیں۔