اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف گرفتار ڈاکٹروں کو رہا اور مطالبات تسلیم کریں۔یہ کیسے حکمران ہیں جنہیں عام اور غریب آدمی سمیت اتنے پڑھے لکھے ڈاکٹروں کے مسائل کی بھی پروا نہیں۔
انہوں نے نہایت معزز پیشہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کے جائز مطالبات کو مسلسل التوا میں ڈالنے اور سرکاری اسپتالوں کی دن بدن بدتر سے بدترین ہوتی صورتحال پر سخت ترین الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ اسپتالوں میں ادویات، ضروری طبی سہولتوں یہاں تک کہ بیڈ بھی نہ ملنے پر مریض پہلے ہی جھولیاں اٹھا کر موجودہ حکومت کو بددعائیں دیتے ہیں لیکن وہ صورتحال کو بہتر بنانے کی بجائے الائونسز کی ادائیگی سمیت ڈاکٹروں کے مطالبات تسلیم نہ کر کے مریضوں کو مزید پریشانی میں مبتلا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ جانے سے روکنے کیلئے پرامن ڈاکٹروں پر تشدد اور گرفتاریوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے زور دیا کہ ایک طرف تو گرفتار ڈاکٹر فوری رہا اور ان کے جائز مطالبات نہ صرف تسلیم کیے جائیں۔