• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف پر الزامات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ

اسلام آباد (خبر نگار) آل پاکستان مسلم لیگ نے پارٹی سربراہ پرویز مشرف پر الزامات کی تحقیقات کے لئے پانامہ پیپرز طرز کی جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عدم گرفتاری‘ آزادانہ نقل و حرکت اور سکیورٹی کی ضمانت دے تو پرویز مشرف فوری وطن واپس آنے کو تیار ہیں۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے پانامہ کے معاملے پر سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی اراکین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

نواز شریف کیساتھ وفاداری کے لئے ملک دشمن بیانات دینے پر وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے خلاف غداری کا مقدمہ ہونا چاہئے۔ سیاسی مخالفین کی جانب سے پرویز مشرف کے خلاف الزامات بے بنیاد اور مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں۔ پرویز مشرف احتساب کے لئے تیار ہیں‘ سپریم کورٹ پانامہ پیپرز کی طرح جے آئی ٹی تشکیل دے کر تحقیقات کرائے۔ رانا ثناءاللہ کو مشرف فوبیا ہوگیا ہے۔

12 اگست کو فیصل آباد میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو ہم جلسہ کر کے دکھائیں گے۔ گزشتہ روز پارٹی کے سینئر عہدیداران جسٹس وحید الدین صدیقی‘ ریاض خان‘ تقدیرہ اجمل‘ جاوید مغل‘ چوہدری اسد محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے پاکستان مخالف بیان کی شدید مذمت کی اور کہا کہ راجہ فاروق حیدر نے بغاوت کی ہے ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلنا چاہئے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بھارت سے آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں۔ شہداء کو پاکستانی پرچم میں دفنایا جاتا ہے۔ فاروق حیدر نے شہداء کے خون کے ساتھ غداری کی ہے۔

ڈاکٹر محمد امجد نے 12 اگست کو فیصل آباد میں جلسے کے حوالے سے کہا کہ اے پی ایم ایل اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر پہلا بڑا عوامی شومنعقد کرے گی جس سے پرویز مشرف ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں انتہائی اہم اعلان کریں گے۔ ہم ثابت کریں گے کہ ملک میں تیسری بڑی سیاسی قوت اے پی ایم ایل ہے۔ ہمارا اتحاد2018کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا۔

تازہ ترین