• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کی نااہلی پر احتساب کا عمل رکنا نہیں چاہیے،سراج الحق

لاہور (نیوزرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سب کا احتساب ہونا چاہیے  ۔ احتساب کا جو عمل وزیراعظم کی نااہلی سے شروع ہوا ہے،اب اسے رکنا نہیں چاہیے ۔قوم کو سیاست سے بالاتر ہو کر معاشی دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، بیورو کریسی ، جرنیلوں اور ججز کا بھی احتساب ہوناچاہیے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی کی مرکز مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف بیرون ملک اثاثے نہ بنانے کا قانون ختم نہ کرتے تو قومی دولت بیرونی بنکوں میں جمع نہ ہوتی ۔آرٹیکل  باسٹھ ٹریسٹھ کو آئین سے نکالنا منہ پر لگی سیاہی دھونے کی بجائے آئینہ توڑنے کے مترادف ہے ۔ کرپشن کے خلاف ہماری تحریک جاری رہے گی ۔ ہم پاناما لیکس میں موجود تمام افراد کے احتساب کے لیے دوبارہ عدالت سے رجوع کریں گے ۔سراج الحق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر الیکشن بے فائدہ ہوں گے ۔ فاٹا اصلاحات پر سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات پر فوری عمل کیا جائے ۔ حکومت عدالتوں کے فیصلوں پر تنقید کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنائے ۔    سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عوام کا مطالبہ ہے کہ احتساب صرف سیاستدانوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ کلرک سے لے کر جرنیل اور وزیراعظم تک سب کو احتساب سے گزرنا پڑے گا  اور موجودہ ججز کا اصل امتحان یہ ہے کہ کیا وہ احتساب کے اس عمل کو ججز اور جرنیلوں تک پھیلانے میں کامیاب ہوتے ہیں ۔     ایک دوسرے سوال کے جواب میں سراج الحق نے کہاکہ حلقہ این اے 120 کے بارے میں لاہور کا مقامی نظم فیصلہ کرے گا ۔ بہتر ہے کہ اپوزیشن مل کر الیکشن لڑے ۔
تازہ ترین