مسلم لیگ ن کی راہنما مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ عائشہ گلا لئی کے بیان کے بعد سے جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہم سب کے لیے انتہائی افسوس اور دکھ کا باعث ہے۔اس کی کسی مناسب فورم پر تحقیق ضرور ہونی چاہیے لیکن اس کو اچھالنا اور ایک دوسرے کی ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کو نشانہ بناناانتہائی شرمناک عمل ہے۔
سابق وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ ہم سب نے مل کر ان رویوں کی وجہ سے سیاست کو گالی بنا دیا ہے، کوئی معاشرہ ایسی اجتماعی پستی کا تصور بھی نہیں کر سکتا جہاں ایک دوسرے کی ماوں ، بہنوں اور بیٹیوں پہ سیاست ہو ۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ عائشہ گلا لئی نے جو کچھ کہا اس کی کسی مناسب فورم پر تحقیق ضرور ہونی چاہیے لیکن جس طرح اس بات کو اچھالا جا رہا ہے اور ایک دوسرے کی ماؤں،بہنوں اور بیٹیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک اسلامی مملکت پاکستان کی قدریں اور روایات ہیں۔ خدا کے لیے یہ کھیل بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک ماں ،بہن ،بیٹی بن کر تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتی ہوں کہ عورت کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
ہمارے نبی ﷺحضرت فاطمہؓ کا کھڑے ہو کر استقبال کرتے تھے۔کیا اس قسم کے ٹاک شوز اور مذاکروں کے بعد کوئی خاتون سیاست میں آنے کا سوچ سکتی ہے۔
میں تمام پارٹیوں کے نمائندوں سے درخواست کرتی ہوں ایک دوسرے کی ماں ،بہن ،بیٹی پر کیچڑ اچھالنے کے تعفن زدہ کلچر کو ہمیشہ کیلئے دفن کرنا ہو گا۔