کوئٹہ(صباح نیوز)زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی کو ضروری مرمت اور تزئین و آرائش کی وجہ سے 12اگست تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر آثار قدیمہ کے مطابق قائداعظم ریزیڈنسی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہونے کے بعد اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔زیارت ریذیڈنسی کی لکڑی سے تیار شدہ دو منزلہ عمارت 1892 میں تعمیر کی گئی تھی، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جنا ح نے قیام پاکستان کے بعد اپنی علالت کے باعث زندگی کے آخری ایام زیارت ریزیڈنسی میں گزارے جس سے اس عمارت کو مزید شہرت ملی اور بانی پاکستان کے انتقال کے بعد اس رہائش گاہ کو قائد اعظم ریزیڈنسی کے نام سے قومی ورثہ قرار دیتے ہوئے عجائب گھر میں تبدیل کر دیا گیا۔ 15 جون 2013 کو دہشت گردوں نے زیارت ریزیڈنسی پر حملہ کر کے اسے آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں یہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئی تھی تاہم بعدازاں حکومت پاکستان نے اسے دوبارہ اصل حالت میں بحال کیا۔