اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی نے رابطہ عوام مہم کا آغاز کر دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 5اگست کو چترال میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ رابطہ عوام مہم کا فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے بلاول بھٹو زرداری کے گزشتہ دورہ اسلام آباد میں مشاورت کے دوران کیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری جلسہ عام کے انتظامات اور تیاریوں کے سلسلے میں بذریعہ سٹرک چترال پہنچ گئے ہیں۔ نیئر بخاری نے صوبائی تنظیم خیبرپختونخوا سے مشاورت کے علاوہ دیر‘ چترال سے پارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران اور معززین سے ملاقاتیں کیں۔
نیئر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حقیقی سیاست کا دور واپس لائیں گے۔