اسلام آباد (اے پی پی) رواں سال گوادر میں تعمیر و ترقی کا سال ثابت ہونے جارہا ہے،گوادر منصوبہ دو سے تین سال میں چین کی مدد سے مکمل کیا جائے گا، ائر پورٹ کی تکمیل سے بلوچستان بالخصوص گوادر میں جد ید سفری سہولیات میسر آئیں گی، سی پیک کے تحت رواں سال بجلی اورانفراسٹرکچر کے متعددمنصوبوں کے ساتھ ساتھ سب سے اہم گوادر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تعمیراتی کا م کا آغاز ہوجائے گا، منصوبہ دو سے تین سالوں میں دوست ملک چین کی مدد سے مکمل کیا جائے گا۔
جمعرات کو پلاننگ کمیشن میں قائم سی پیک سیکر ٹریٹ کے حکام نے کو بتایا کہ گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ پر رواں سال تعمیراتی کام کا آغاز ہوجائے گا، سی پیک کے اس منصوبے کاابتدائی تخمینہ 23ارب روپے لگایا گیا ہے، منصوبہ دو سے تین سالوں میں مکمل کیا جائے گا، اس منصوبے سے ہزاروں کی تعداد میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔
انہوں نے بتا یا کہ گوادار ائر پورٹ کیساتھ ساتھ گوادر ماسٹر سٹی پلان، ایسٹ بے ایکسپریس وے، گوادار ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور آبنوشی منصوبوں پر بھی کام تیز کردیا گیا ہے، منصوبوں کی تکمیل سے گوادر جدید شہروں کے صف میں شامل ہوجائے گا۔
انہوں نے بتا یا کہ چینی حکومت کی جانب سے گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تعمیر کے لئے گرانٹ منظور کرلی گئی تھی، گرانٹ منظوری کے بعد حکومت نے ایئر پورٹ کی تعمیراتی منصوبے پر کام تیز کردیا ہے۔