لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں طرف قابل مواخذہ لوگ موجود ہیں۔موجودہ وزیر اعظم اپنی توانائیاں سپریم کورٹ کے فیصلے کو غلط اور نواز شریف کو فرشتہ ثابت کرنے پر ضائع کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر صرف کریں تو ان کیلئے زیادہ بہتر ہوگا۔ ملک کو کرپشن فری اسلامی و فلاحی مملکت بنانے تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔جب تک قوم کا لوٹا گیا کھربوں روپیہ واپس نہیں لے لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں منصورہ میں جاری پ5روزہ تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ لوٹی گئی قومی دولت واپس لانے کے اقدامات کرے ۔۔ سپریم کورٹ پاناما ،دبئی ،لندن لیکس ،بنکوں سے قرض لیکر معاف کروانے اور این آر او کے ڈیٹرجنٹ سے نہانے والوں کوپکڑے اور احتساب کا ایسا مستقل اور فول پروف نظام بنائے تاکہ کسی کو قومی امانتوں میں خیانت کی جرأت نہ ہو ۔پاناما سکینڈل کے دیگر 436 کرداروں کے خلاف کاروائی کا عمل فوری شروع کیا جائے اور لسٹ میں موجود لوگوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں تاکہ کسی کو بھاگنے کا موقع نہ مل سکے ۔ 62/63کو آئین سے بے دخل کرنے کی باتیں کرنے والے دراصل آئین شکنی کے عزائم کا اظہار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قوم کسی کومتفقہ آئین کا حلیہ بگاڑنے اورلٹیروں کو اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہونے کی کھلی چھوٹ نہیں دے گی۔