اسلام آباد(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے قومی اسمبلی میں مسلم لیگ کے کارکنوں کی جانب سے مبینہ بدسلوکی پر تحریک استحقاق جمع کرادی ہے جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے واقعے کے خلاف ایوان کا واک آوٹ کردیا۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ انہیں مارا گیا تو اسمبلی کو بھی لے ڈوبیں گے، پی ٹی آئی، اے این پی، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی نے وزیراعظم کے انتخاب کے روز شیخ رشید کے گھیرائوکے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ اور ایوان سے واک آوٹ کیا۔جمعہ کوقومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہوا، شیخ رشید نے کہا کہ وہ لسٹ دی جائے جو بغیر پاسز کے داخل ہوئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاسز کے بغیرداخلے سے پارلیمنٹ میں کوئی بہت بڑا سانحہ ہوسکتا ہے، اراکین کی جانوں کا مسئلہ ہے، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، اے این پی کے اراکین نے شیخ رشید کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران شیخ رشید نے اپنے ساتھ ہونے والی بد سلوکی پر تحریک استحقاق پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزت کیلئے سیاست کرنے والوں کو برداشت کرنا ہوگا،اسمبلی میں انٹری پاس کے بغیر لوگ آئے۔