کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئےوزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مستقبل میں بھی تمام فیصلے محمد نوازشریف کریں گے،ماہر قانون حنا جیلانی نے کہا کہ جب بھی کوئی خاتون جنسی ہراسگی کا الزام لگائے اسے سنجیدگی سے لینا چاہئے،ن لیگ کی رہنما ماروی میمن نے کہا کہ عائشہ گلالئی کے الزمات سوفیصد سچ ہیں، اے این پی کی رہنما بشریٰ گوہرنے کہا کہ عائشہ گلالئی کے الزامات بہت سنگین ہیں ان کی تحقیقات ہونی چاہئےپی ٹی آئی کو عائشہ کے الزامات پر پارٹی کے اندر بھی کمیٹی بنانی چاہئے تھی لیکن اس کے بجائے معاملہ دبایا جارہا ہے ۔
مریم اور نگزیب نے مزید کہا کہ نئی وفاقی کابینہ پاکستان کی مکمل نمائندگی کرتی ہے، نواز شریف کافی عرصہ سے کابینہ ارکان میں اضافہ کرنا چاہ رہے تھے، جن علاقوں کی کابینہ میں نمائندگی نہیں تھی وہاں سے لوگ شامل کرنا اچھی بات ہے، مختلف علاقوں سے لوگوں کو کابینہ میں شامل کیا گیا تاکہ مکمل کابینہ کے ساتھ 2018ء کے الیکشن میں جائیں، حکومت کا گورننس ماڈل ایم این ایز یا وزراء کے ذریعے فنڈز کی تقسیم نہیں بلکہ منصوبوں پر فنڈز خرچ کرنا ہے۔ چار سال بعد وزیر خارجہ کی تقرری سے متعلق سوال پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف خطے میں امن کے اپنے وژن پر خود عملدرآمد کرنا چاہتے تھے، خواجہ آصف بہت فعال وزیرخارجہ ہوں گے اور وزیراعظم کے وژن کو آگے لے کر جائیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی اور حکومت کیلئے چوہدری نثار کی جگہ متبادل بہت مشکل فیصلہ تھا، چوہدری نثار اور احسن اقبال دونوں بہت سینئر پارٹی رہنما ہیں،احسن اقبال جس محکمہ کے بھی وزیر رہیں گے اس میں کارکردگی دکھائیں گے،وفاقی کابینہ کا حصہ نہ رہنا چوہدری نثار کا اپنا فیصلہ ہے ، پارٹی قیادت نے انہیں بہت کہا لیکن وہ اپنے فیصلے پر قائم رہے، چوہدری نثار میاں نواز شریف کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی وزارت عظمیٰ پینتالیس دن کے بجائے دس ماہ کرنے کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے گی، نواز شریف کی نااہلی کی وجوہات پورے پاکستان کو پتا ہے، نواز شریف کو وزیراعظم کی کرسی سے ہٹایا جاسکتا ہے لیکن پارٹی قائد اور فیصلہ سازی کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے، مستقبل میں بھی تمام فیصلے محمد نواز شریف کریں گے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی محمد نواز شریف کے ویژن اور پالیسی کے تسلسل کو آگے بڑھائیں گے، نواز شریف وزیراعظم ہیں میں انہیں نااہل نہیں کہہ سکتی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ محمد نواز شریف نے 2018ء تک لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا وہی ہمارا ٹارگٹ ہے،نواز شریف کے 2018ء تک کا وژن ہی پالیسی ہوگی اور اس پر ہی عملدرآمد کیا جائے گا، پاکستان اس وقت ارتقائی دور سے گزر رہا ہے، ادارے اپنا آئینی کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان میں آئندہ جمہوریت مضبوط ہوگی، آنے والاوقت پاکستان میں جمہوریت کا ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نئی کابینہ میں 47 وزراء ہیں جس میں تین خواتین ہیں، کابینہ میں خواتین کی کم نمائندگی شرمندگی کی بات نہیں ہے، کئی بڑے حکومتی اداروں کی سربراہ خواتین ہیں، دانیال عزیز کے معاملہ میں تھوڑی مس انڈراسٹینڈنگ ہوگئی ، دانیال عزیز دو بار وفاقی وزیر رہ چکے ہیں میرا خیال ہے انہیں وفاقی وزیر بنانا چاہئے، بہت جلد اس معاملہ کا فیصلہ ہوجائے گا، اتوار کو نواز شریف موٹروے کے ذریعہ لاہور جائیں گے۔