• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ، شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواستیں خارج

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف‘ ان کے بچوں‘ داماد اور اسحاق ڈار کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہے۔

تحریک انصاف کے ارکان عثمان سعید بسرا اور گلباز مشتاق کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق نے کی۔ اس موقع پر درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ پانامہ کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف نیب کو کرپشن ریفرنسز بھجوانے کا حکم دیا۔

ٹرائل سے بچنے کے لئے نواز شریف اپنے اہل خانہ سمیت بیرون ملک منتقل ہوسکتے ہیں۔ ای سی ایل میں نام ڈالنے سے متعلق متعلقہ فورم سے رجوع کیا ہے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ پانامہ کیس کے منطقی انجام تک پہنچنے کے لئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف‘ مریم نواز‘ حسن نواز‘ حسین نواز‘ کیپٹن (ر) محمد صفدر‘ اسحاق ڈار کا ٹرائل ضروری ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مذکورہ افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کیا۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا۔

تازہ ترین