راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)مری میں وسیع پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کا انکشاف ہوا ہے۔اربن یونٹ پنجاب کےتھرڈ پارٹی سروے میں کہا گیا ہے کہ تعمیرات پر پابندی کے دوران مری میں9508تعمیرات ہوئیں ۔سٹیلائیٹ اور دیگر طریقوں سے کئے گے سروے کی رپورٹ کے مطابق یہ تعمیرات2008سے2016کے دوران ہوئیں۔جبکہ نئی132غیر قانونی تعمیرات بھی ہوئی ہیں۔جن میں22سرکاری اور78پرائیویٹ ہیں۔32تعمیرات کینٹ ایریاز میں ہیں۔میونسپل ایریا کے علاقے کی بننے والی سو عمارتوں میں سے صرف تین قانونی تقاضے پورے کرتی ہیں۔اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر مری عارف اللہ خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مری میں نئی تعمیرات کی گنجائش ختم ہوچکی ہے۔اس لئے اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف پولیس کی مدد سے ایکشن لیا جائے گا۔سروے کے بعد غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے لاہور میں اربن یونٹ میں میٹنگ ہوئی ہے اب کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت اجلاس ہوگا۔