پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نےنواز شریف کے کنٹینر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کنٹینر کے خلاف تقریریں کرتے کرتے خود کنٹینر پر چڑھ گئے،ریاست کےبجائے شاہی خاندان کی خدمت کیسے کی جاتی ہے؟ اسلام آباد کا تماشہ دیکھ لیں۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ریلی کی صورت میں لاہور روانگی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے پنجابی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’’رانجھا رانجھا کیہندی میں آپے رانجھا ہوئی‘‘
Ranjha ranjha kehndi mein te apey ranjha hoi....container key khilaf taqreerein kartey kartey khud container par charh gaye...Allah ki shan
— Asad Umar (@Asad_Umar) August 9, 2017
انہوں نے کہا کہ کنٹینر کے خلاف تقریریں کرتے کرتےخود کنٹینرپرچڑھ گئے،اللہ کی شان ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بنیادی حقوق کے مطالبے سے روکنے والوں نے شاہی خاندان کے لیے اسلام آباد کو بند کردیا، دیکھیں پاکستان میں شاہی خاندان کے لیے ریاستی مشینری کیسے استعمال ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر مشتاق احمد غنی نے اپنے بیان میں کہا کہ لگتا ہے ن لیگ والے عدالتی فیصلے پر بدحواس ہوگئے ہیں، یہ لوگ سڑکوں پر ٹھوکریں مار رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ کوئی حکومت اپوزیشن کے خلاف ریلی نکال رہی ہے۔