لاہور‘اسلام آباد(آئی این پی‘آئن لائن)تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان ‘شفقت محمود‘اسدعمراور فواد چوہدری نے کہاہے کہ مسلم لیگ(ن) کا جلوس پاکستان کے عدالتی اور دفاعی اداروں کو سیدھی دھمکی ہے‘عدالتی فیصلے سے فرار کیلئے ہجوم اکٹھا کرنا خطرناک سیاسی حربہ ہےعوام نے نواز شریف کے عدالت عظمیٰ کیخلاف شر انگیز مارچ سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کردیا‘کنٹینر کے خلاف تقریرکرنیوالے خودکنٹینرپر آگئے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما ءاسد عمر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی قیادت کنٹینر کیخلاف تقریریں کرتی کرتی خود کنٹینر پر چڑھ گئی ہے‘یہ خدا کی شان ہے‘ اس حوالے سے انہوں نے ٹوئٹ کیاکہ ’’رانجھا رانجھا کیہندی میں آپے رانجھاہوئی‘‘۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے بنیادی انسانی حقوق کا مطالبہ کرنے سے روکنے والی اسلام آباد انتظامیہ نے آج اسلام آباد بند کر کے شاہی خاندان کے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔علاوہ ازیں بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہرمیڈیا سے گفتگو میں بابر اعوان نے کہا کہ نواز شریف نا اہلی کے باوجود مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کی صدارت کرتے ہیں، نا اہل شخص کا بنایا ہوا وزیراعظم نا اہلی کی زد میں نہیں آئے گا؟ الیکشن کمیشن نے ریفری کے طور پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے‘نوازشریف ایل این جی وزیراعظم اور گاڈ فادر ٹو ہیں‘نواز شریف ہائیکورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں‘آج پورا پنجاب لاک ڈائون ہے،ایسے میں قانون کہاں ہے؟۔بابر اعوان نے کہا نواز شریف کا جلوس پاکستان کے عدالتی اور دفاعی اداروں کو سیدھی دھمکی ہے۔
نواز شریف کا لہجہ تکبر والا ہے، سڑکوں سے مال بنانے اورتکبر سے بات کرنے والوں کو ایک دھکا اڈیالہ کے کٹہرے میں لگے گا ‘پنجاب کی پوری پولیس، وفاق کے سارے ادارے اور میونسپل کے درجہ ششم تک ملازمین سب ایک نااہل شخص کے سیاسی جنازے کو کندھا دینے میں مصروف ہیں‘مسلم لیگ نواز ایک نا اہل شخص کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔ ادھر تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہا ہے کہ ریلی نکالنا نواز شریف کا حق ہے لیکن لوگ جمع کرنے کیلئے قوم کا پیسہ اشتہارات پر لٹانا افسوسناک ہے، عدالتی فیصلے سے فرار کیلئے ہجوم اکٹھا کرنا خطرناک سیاسی حربہ ہے۔
نواز شریف کا یہ قدم جمہوریت کیلئے انتہائی مہلک ثابت ہوگا۔بدھ کو اپنے بیان میںانہوںنے کہا کہ نواز شریف نواز شریف جس انداز سے چاہیں سیاست کریں مگر قوم کا پیسہ برباد نہ کریں، سرکاری ملازمین اور ریاستی وسائل کو اپنی سیاست کا ایندھن بنانے سے گریز کریں‘سفر کرنا نواز شریف کا اپنا کام ہے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عوام نے نواز شریف کے عدالت عظمیٰ کیخلاف شرانگیز مارچ سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کردیا۔نواز شریف عدالتی فیصلہ تسلیم کرنے کی بجائے ملک میں انتشار چاہتے ہیں۔میاں صاحب یقین رکھیں انکی جانب سے تیار کیا گیا شرانگیزی کا ہر منصوبہ ناکام ہوگا۔‘