اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کے بچوں ، داماد اور اسحاق ڈار کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کو یکم اگست کو نواز شریف، ان کے بچوں، کیپٹن صفدر اور اسحاق ڈار کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست دی لیکن 7 اگست کو یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور دیگر کے خلاف سپریم کورٹ نے احتساب عدالت میں کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا ہے ، خدشہ ہے کہ ملزمان بیرون ملک فرار ہو سکتے ہیں۔