لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ عوام نے نا اہل شخص کی ریلی میں شریک نہ ہو کر سپریم کورٹ کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ نواز شریف کو 5 معزز ججز نے نا اہل قرار دیا مگر سپریم کورٹ کے خلاف عوام کو بغاوت پر اکسایا جا رہا ہے ،عوام کے اعلان لا تعلقی کی وجہ سے جہلم میں عصر کے وقت ریلی ختم کی گئی ۔
وزیر اعظم کی5سالہ مدت آئین پر عملدرآمد سے مشروط ہے،یہ عدت نہیں ہے کہ جس میں کوئی کمی بیشی نہیں ہو سکتی ۔ نا اہل شخص بتائے یہ احتجاج کس کے خلاف ہے اور مطالبہ کیا ہے؟ پہلے سپریم کورٹ پر عملاً حملہ کیا گیا،اب لفظوں کی جنگ جاری ہے ،ہم کسی سے تصادم نہیں انصاف اور جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ چاہتے ہیں ۔ نواز شریف کا یہ وہم ہے کہ کوئی فیصلے کے پیچھے ہے،فیصلے کے پیچھے بھی یہ خود ہیں اور آگے بھی۔آج اہم اعلان کرونگا ۔
والیم 10 منظر عام پر آنا چاہیے اگر ریاست کے خلاف کوئی سر گرمیاں ہیں تو اس حصے کو چھوڑ کر کرپشن والے حصے کو پبلک کر دیا جائے،ملک میں 35سال تماشا کرنیوالا آج خود تماشہ بنا ہوا ہے،دنیا ہنس رہی ہے ۔100کلو میٹر کی رفتار سے گاڑیاں بھگانے والے اسی رفتار سے بے نقاب ہو رہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62،63 پر پورا اترنا آئین کا تقاضا ہے۔