چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی نے کہا ہے کہ گوادر میں بینک آف چائنا کی شاخ عنقریب کھولی جائے گی جبکہ رواں سال کے آخر تک گوادر میں انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر کا افتتاح کردیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین گوادر پورٹ نے گوادر میں نجی بینک کے صدر ظہیر اسماعیل سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی بینکوں کے ساتھ ساتھ چند انٹرنیشنل بینکوں کی شاخیں بھی گوادر میں کھل رہی ہیں جن میں سے ایک بنک آف چائنا بھی شامل ہے۔
ان بینکوں کے کھلنے سے یہاں کے کاروباری سرمایہ کاری کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر پورٹ اور اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی نے 2 بینکوں کو برانچ کھولنے کی اجازت دی ہے۔
چیئرمین جی پی اے نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں گوادر فری زون میں تعمیراتی کام مکمل ہوجائے گاجبکہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم پاکستان اور چینی وزراء گوادر آکر گوادر فری زون پر پہلی انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر کا افتتاح کریں گے جس میں 100 چائینیز کمپنیاں حصہ لیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی میں مقامی لوگوں کو شریک کیا جائے گا جس کے لئے فش پروسیسنگ کمپنی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔