اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محمد نوازشریف کے قافلے میں لوگ والہانہ جذبہ اور محبت سے شرکت کر رہے ہیں، قوم نے محمد نوازشریف کو تین مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا اور نوازشریف گزشتہ 30، 35 سال سے ملک و عوام کی خدمت کر رہے ہیں،یہی وجہ ہے لوگ اپنے جذبہ سے قائد کی ایک جھلک دیکھنے کو دیوانہ وار آئے ہیں، دھرنوں، ہڑتالوں اور پارلیمنٹ سمیت اداروں پر حملہ کرنے والے نوازشریف کی ریلی پر تنقید کر رہے ہیں ،اپوزیشن کے ذہنی حالات کو سمجھ سکتی ہوں، اپوزیشن 4 سال میں دھرنیاں اور چھوٹی چھوٹی جلسیاں کر کے بھی اتنے لوگ اکٹھے نہیں کر سکی جتنے لوگ نوازشریف نے آدھے دن میں اکٹھے کر لئے،اپوزیشن کو چاہئے کہ جلد حقیقت کو تسلیم کر لے اور جن صوبوں میں ان کی حکومت ہے وہاں عوام کی خدمت کرے۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ گزشتہ 4 سال کے دوران دھرنوں، ہڑتالوں اور پارلیمنٹ سمیت اداروں پر حملے میں ملوث رہے ہیں وہی نوازشریف کی ریلی پر تنقید کر رہے ہیں۔ محمد نوازشریف کے قافلے میں لوگ والہانہ جذبہ اور محبت سے شرکت کر رہے ہیں، مخالفین کا یہ تاثر غلط ہے کہ زبردستی عوام کو لایا جا رہا ہے، لوگوں کے جذبہ کو دیکھ کر میڈیا میں کسی تبصرہ کی گنجائش باقی نہیں رہی۔نوازشریف نے عدالتی فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے بغیر کسی تاخیر کے اس پر عمل بھی کیا تاہم عدالتی فیصلہ پر اختلاف ہر شہری کی طرح ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔