سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا قافلہ آج صبح 10 بجےجہلم سے لاہور کے لیے روانہ ہو گا، آج ان کا قیام گوجرانوالہ میں متوقع ہے۔
نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہور کا سفر آج تیسرےروزمیں داخل ہوگا ۔ اس سفر کے دوران سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت ہی اصل جمہوری قوتوں کے درمیان آگے بڑھنے کی بنیاد بن سکتا ہے۔
گزشتہ شب جہلم کےہوٹل میں قیام کے بعد سابق وزیراعظم اب سے کچھ گھنٹوں بعد روانہ ہوں گے۔ امکان ہےکہ میاں نوازشریف آج شام گوجرانوالہ پہنچ کروہیں قیام کریں گے اور ہفتے کو لاہور پہنچیں گے۔
جہلم میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ عوام کا حق حکمرانی بحال کرانے کےلیے عوام سے رابطہ ناگزیرہےجبکہ وہ تحریک انصاف کوسیاسی قوت نہیں سمجھتے، اس کا ایجنڈا کچھ اور ہی ہے۔
واضح رہے کہ میاں نوازشریف 3 روزپہلےاسلام آبادسےلاہورکےلیےروانہ ہوئےتھے۔ ڈی چوک سےکمیٹی چوک تک20منٹ کاسفرانہوں نےہزاروں افرادکی موجودگی کےسبب 12 گھنٹےمیں طے کیاتھا اوربدھ کی شب پنڈی ہی میں قیام کیاتھا۔
جمعرات کوبھی میاں نوازشریف اگلی منزل کی جانب روانہ ہوئےتو کارکن بڑی تعدادمیں موجودتھےجبکہ جوشیلےلیگی کارکن نواز شریف کی گاڑی کے گرد ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتےرہے۔
امکان تھاکہ سابق وزیراعظم کاقافلہ سست رفتاری ہی سے آگے بڑھے گا مگر میاں نواز شریف کی گاڑی اچانک چوتھے گئیر میں نظر آئی اور120 کی رفتار سے مجمع کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھ گئی۔
ا س موقع پر کنٹینر بھی پیچھے رہ گیا۔ دینہ پہنچتے پہنچتے گاڑی میں ڈینٹ بھی پڑگیا اور دروازہ پچک گیا۔ میاں نواز شریف کا جہلم میں بھی پارٹی ترانوں اور آئی لو یو کے نعروں سے استقبال کیا گیا۔
سابق وزیراعظم اب آج گوجرانوالہ کے لیےروانہ ہوں گےتاہم یہ واضح نہیں کہ گاڑی فراٹے بھرتی جائےگی یاہجوم کےساتھ رہےگی اس لیےکارکن جہلم میں پھرجمع ہوناشروع ہوگئےہیں۔