اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تمام اداروں کو پارلیمنٹ کی عزت کرنا ہوگی، عوام کے ووٹوںکی عزت کے بغیر پارلیمنٹ کی عزت نہیں ہوگی،وزیراعظم کو عوام ووٹ دیکر بھیجتے ہیں مگر مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا جاتا، آئین کی توقیر کے بغیر اداروں کو تقویت نہیں ملے گی ۔ 70برس گزرنے کے باوجود ہم آج بھی بحث کر رہے ہیں کہ جمہوریت کو تقویت ملنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمانی انسٹی ٹیوٹ برائے پارلیمانی سروسز (پپس)کے زیر اہتمام پاکستان پارلیمنٹ کے 70سال کے موضوع پر منعقد خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں پارلیمنٹ سب سے کمزور ادارہ بنا دیا گیا پارلیمنٹ کی بقا قومی ترقی کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یومیہ 17/18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی نواز شریف نے وعدہ پورا کیا اور اگلے سال تک لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ 2013میںسالانہ 2400سے 2500 دھماکے ہوتے تھے اس سال دہشت گردی میں 92فیصد کمی آگئی ۔ ہم ایک مشکل سفر مکمل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار سال میں اربوں کھربوں کے منصوبے مکمل ہوئے اور نواز شریف پر کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں ۔ ہمیں الزامات اور حقیقت میں فرق کرنا ہوگا۔ لوگوں کے مینڈیٹ کا تحفظ اور ووٹ کا احترام کرنا ہوگا۔