ٹیکسلا (این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف خود کو بندگلی کی طرف لے جارہے ہیں،آئین کو اپنی مرضی خواہش کے مطابق بنانے والے جمہوریت کے دشمن ہیں ،62,63کے خاتمے کی کوشش ایک خطرناک غلطی ہو گی جس کے خلاف ہم اور عوام اٹھ کھڑے ہوں گے۔پاکستان کی حفاظت ہمارا ایمان ،اس دھرتی کو ایک صالح نظام کی ضرورت ہے ،قوم انگریزی استعمار کی غلامی قبول کرنے کو تیار نہیں ،کرپشن ،جھوٹ ،دھونس دھاندلی کا خاتمہ ہی ہماری کامیابی اور ترقی کی ضمانت ہے ،ہم پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں ،کرپشن کے خلاف ہماری تحریک کا مقصد عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہے جو کرپٹ افراد جمہوریت اور سیاست کی آڑمیں غصب کئے ہوئے ہیں، ان خیالات کا اظہار نے ٹیکسلا میں جماعت اسلامی کے ضلعی راہنما شمس الرحمٰن سواتی کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی غلام سرور خان ،جماعت اسلامی کے رہنما خواجہ وقار ایڈوکیٹ ،سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مغربی قوتیں پاکستان میں نظام کی تبدیلی نہیں چاہتی وہ اس فرسودہ اور کرپٹ نظام کو مضبوط کرنے کے لئے مختلف حربے اختیار کررہی ہیں کیوں کہ اسی کرپٹ اور فرسودہ نظام سے ان کے مفادات وابستہ ہیں مگر ہم ان کے تمام حربوں کو ناکام بنائیں گے انہوں نے کہا کہ ستر سال گزر گئے مگر ہم خود کو اب تک سنبھال نہیں پائے کیوں کہ انگریز چلا گیا مگر ایک ایسا نظام چھوڑ گیا جس نے پاکستان کی ترقی کے راستے روک رکھے ہیں سینیٹر سراج الحق نے کہا نواز شریف خود کو بندگلی کی طرف لے جارہے ہیں ہماری جنگ نوازشریف یا کسی فرد وحد کے خلاف نہیں ہماری جنگ کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہم نے سب کے احتساب کا مطالبہ کیا ۔
سب سے پہلے ہم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا یہ ہمارا ٓئین کہتا ہے آئین اور قانون سے کوئی بھی مبرا نہیں آج 62,63کے خاتمے کی باتیں کی جارہی ہیں قوم سمجھ لے یہ لوگ کیوں ایسا کہہ رہے ہیں یہ خود کو بچانا چاہتے ہیں یہ چاہتے ہیں کہ جھوٹ کی حکمرانی رہے یہ چاہتے ہیں کہ اس کرپٹ نظام کا تحفظ ہو کیوں کہ اسی نظام نے ان کی کرپشن کو تحفظ دینا ہے سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے بعد اس ملک کی آئین او ر قانون کی بالادستی قائم ہوئی ہے انصاف کی امید جاگی ہے عوام کو محسوس ہوا ہے کہ اس ملک میں انصاف کرنے والے ادارے موجود ہیں مگر ہم چاہتے ہیں انصاف اور احتساب سب کے لئے ہو پاناما لیکس میں جن جن لوگوں کے نام ہے سب سے پوچھا جائے سب کا احتساب کیا جائے چور لٹیروں کا قانون کے کٹہرے میں لایا جائے چاہے کوئی چھوٹا چور ہے یا بڑا چور، قانون سب کے لئے ایک ہو نا چاہئے سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کی عوام امن و سکون کی زندگی چاہتے ہیں ہمیشہ ان کے صبر کا امتحان لیا گیا ان کے خواب چکنا چور کئے گئے جمہوریت کے نام پر ان کے جذبات سے کھیلا گیا یہ کیسا جمہوری نظام ہے جس میں عوام کو ان کے بنیادی حقوق ہی حاصل نہیں ایک مخصوص ٹولہ اس فرسودہ نظام کو تحفظ دے رہا ہے سراج الحق نے کہا کہ ہم باضمیر لوگ ہیں ہماری جدوجہد تحریک آزاد ی کے ان بلند مقاصد کے حصول کے لئے ہے جس کے لئے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دی ہمیں اس منزل کو حاصل کرنا ہے جس کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا ۔ جماعت اسلامی پاکستان عوام کے حقوق کے تحفظ اورفرسودہ اور طبقاتی نظام کے خاتمے کے لئے عملی جدوجہد جاری رکھے گی-