کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ ملک کو مشکل میں ڈال دیا گیا ہے اگر مسلم لیگی دھڑے متحدہ نہیں ہوئے تو بہت نقصان ہوگا، قدرت نے ماڈل ٹاؤن سانحے کی نوازشریف کو سزا دیدی ہے، الیکشن کا انعقاد مشکل نظرآرہا ہے۔ بدھ کو دوروزہ دورے پر کراچی پہنچنے پر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہاکہ سازشوں کی باتیں کرنے والوں کو اب بتادیناچاہئے کہ ان کے خلاف کونسی قوتیں سازشیں کررہی ہے۔ چوہدری شجاعت نے غوث علی شاہ اور پیر پگارا سے ملاقاتیں۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو اور سوال کے جواب میں چوہدری شجاعت نے کہاکہ ایم کیوایم سے ملاقات کا کوئی شیڈول نہیں جبکہ سابق صدرجنرل (ر) پرویزمشروف سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہواہے۔سابق صدر آصف علی زرداری سے اتحاد کے حوالے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں انتخابات جب ہوتے ہوئے دیکھائی دیں گے تو دیکھ لیں گے۔ دریں اثناء بدھ کی شام سابق وزیراعلی سندھ اور بزرگ مسلم لیگی رہنما سید غوث علی شاہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں سید غوث علی شاہ کا مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھے عزت دی ۔ انھوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں وقت آنے پر وہ ہمارے ساتھ ہوں گے۔
سندھ کے سابق وزیر اعلی سید غوث علی شاہ نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ایک مشن کے تحت میرے پاس آئے ہیں جس کے تحت ہم سب کوشش کر رہے ہیں کہ مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کیا جائے انھوں نے جو باتیں مجھ سے کی ہیں ان سے میں نے اتفاق کیا ہے مجھے یقین ہے کہ اس دفعہ ہم مسلم لیگی دھڑوں کو یکجا کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ، طارق حسن اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ پیرپگارا سے ملاقات کے بعد بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ الیکشن مشکل نظر آرہے ہیں، مجھ سمیت تمام افراد کا احتساب ہوناچاہئے۔